کولکاتہ،30 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کے ایک نوجوان رہنما کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ یہ کارنامہ موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے انجام دیا۔
ٹی ایم سی رہنما کا نام دھرمیندر سنگھ ہے۔ سنگھ کے موت کی خبر پھیلتے ہی ان کے حامی مشتعل ہوگئے۔ شبپور میں حامیوں نے متعدد موٹرسائیکلوں کو آگ کے حوالے کردیا۔ انہوں نے بسوں اور دکانوں میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں میں خوف کا ماحول ہے۔ پولیس نے کئی گھنٹوں کی سخت محنت کے بعد تشددپر قابو پایا۔ علاقے میں بڑی تعداد میں فورسز کو تعینات کردیا گیا ہے۔یہ واقعہ مغربی بنگال کے ہاوڑہ ریلوے اسٹیشن کا ہے۔ منگل کے روز دھرمیندر سنگھ کے قریب آکردو موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے گولی ماری۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ دھرمیندر اپنے جاننے والے کے ساتھ موٹرسائیکل پر جارہے تھے۔ نامعلوم حملہ آوروں نے اسے گولی مار دی۔ سنگھ کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ پولیس حملہ آوروں کی تلاش کے ساتھ ہی قتل کی وجوہات بھی معلوم کررہی ہے۔ ہاورہ کے ٹی ایم سی رہنما اروپ رائے نے اس واقعے کے پیچھے گہری سازش کی بات کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرمیندر سنگھ کے سر میں گولی لگی تھی۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ میرے خیال میں اس کے پیچھے کوئی سازش ہے۔ انہوں نے اس قتل کے پیچھے حزب اختلاف کی سازش کا اندازہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا ہوسکتا ہے لیکن جب تک پولیس تفتیش مکمل نہیں ہوتی وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔